یو این آئی
نئی دہلی//صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے پیر کے روز کہا کہ ہندوستان فٹ ویئر کے شعبے میں دنیا کی ایک بڑی عالمی طاقت بن رہا ہے۔مرمو نے یہ بات فٹ ویئر ڈیزائن اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (ایف ڈی ڈی آئی)کو کنووکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان فٹ ویئر کے شعبے میں تیزی سے خود کفالت کی جانب بڑھ رہا ہے اور عالمی معیشت میں اپنا کردار مضبوط کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے فٹ ویئر سیکٹر کو ‘چیمپئن سیکٹر’ کا درجہ دیا ہے تاکہ اس میدان میں سرمایہ کاری اور ترقی کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان فٹ ویئر کی تیاری اور کھپت دونوں میں دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ مالی سال 2024-25 میں ہندوستان کی فٹ ویئر برآمدات 2.5 بلین ڈالر سے زیادہ رہیں جبکہ درآمدات تقریبا 680 ملین ڈالرتھیں، یعنی برآمدات درآمدات سے تقریبا چار گنا زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کرنے کے لیے فٹ ویئر انڈسٹری میں مزید توسیع ضروری ہے، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے مواقع بڑھیں گے۔