برسبین/یو این آئی/ْ آسٹریلیا کے اوپنر عثمان خواجہ کمر کی تکلیف کے باعث گابا میں 4 دسمبر سے شروع ہونے والے دوسرے ایشیز ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ اسپورٹس ویب سائٹ کے مطابق عثمان خواجہ کو پرتھ میں سیریز کے پہلے میچ کے دوران چوٹ لگی تھی، جس کے بعد وہ مکمل طور پر صحت یاب نہ ہو سکے ۔ آسٹریلوی سلیکٹرز نے ان کی جگہ کسی متبادل اوپنر کا اعلان نہیں کیا، تاہم جوش انگلس اور باؤ ویبسٹر ٹیم میں واپسی کے مضبوط امیدوار ہیں۔ منگل کو عثمان خواجہ نے مختصر نیٹ سیشن میں حصہ لیا، مگر وہ واضح طور پر تکلیف میں دکھائی دئیے ، جس سے ان کی عدم دستیابی کا عندیہ مل گیا۔ اب یہ فیصلہ باقی ہے کہ ان کی جگہ کون اننگز کا آغاز کرے گا۔ پرتھ ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں مارنس لبوشین اور دوسری اننگز میں ٹریوس ہیڈ نے اوپننگ کی تھی۔ پرتھ کی چوتھی اننگز میں شاندار بیٹنگ کرنے والے ٹریوس ہیڈ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اوپننگ کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب، جوش انگلس جنہوں نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ لائنز کے خلاف دھواں دار سنچری سکور کی تھی، اگر شامل کیے گئے تو آسٹریلیا ٹراوس ہیڈ کو مڈل آرڈر میں برقرار رکھ سکے گا۔ اگر باؤ ویبسٹر کی شمولیت ہوتی ہے تو ٹراوس ہیڈ کا اوپننگ کا امکان بڑھ جائے گا۔ باؤ ویبسٹر نے گزشتہ سال ہندوستان کے خلاف ہوم سیریز میں نمبر چھ پر کھیلتے ہوئے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ادھر انگلینڈ کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے اور مارک ووڈ کی جگہ وِل جیکس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ول جیکس نے دوسرے ٹیسٹ کی تیاری کے دوران طویل سپیل کرایا، اور انہیں فرنٹ لائن سپنر شعیب بشیر پر ترجیح دی گئی۔