منیلا// فلپائن میں 6.1 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے شمال مشرقی علاقے میں 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ مقامی حکام نے اب تک 11 افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زلزلے سے ایئر پورٹ کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا، سول ایوی ایشن نے پروازیں منسوخ کر کے ایئرپورٹ بند کیا جس کے باعث سیکڑوں مسافر پھنس گئے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی میں نافذ کر دی گئی۔ زلزلے سے تاریخی مقامات بھی محفوظ نہ رہ سکے اور 18 صدی کا سینٹ کیھترین آف الیگزینڈرا چرچ کو شدید نقصان پہنچا۔ یہ چرچ دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی کے باعث مشہور ہے اور اسے بیل ٹاور کے نام سے جانا جاتا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں مکانات بھی منہدم ہوگئے جس کے ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے، درخت زمین سے اکھڑ گئے، کھمبے اور ہورڈنگز سڑک پر گر گئے۔ ریسکیو ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے، شاہراوں کو کلیئر کروایا جا رہا ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات لوگوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے منع کیا ہے۔