نئی دہلی// فلسطین میں اسرائیل کے جارہانہ رویہ اور اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آل انڈیا تنظیم علماء حق اور آل انڈیا مسلم اتحاد فرنٹ یروشلم میں پہلا قبلہ فلسطین اور مسجد اقصی کے لئے ترکی کے صدر طیب اردوگان کی فلسطین سے متعلق پالیسی کی حمایت کرتا ہے ۔آل انڈیا تنظیم علماء حق کے قومی صدر مولانا محمد اعجاز عرفی قاسمی اور آل انڈیا مسلم اتحاد فرنٹ کے چیئرمین محمد یونس صدیقی نے کہاکہ اس سے پورے عالم اسلام کی وابستگی ہے اور دنیا کا ہر ایک مسلمان اس کے لئے اپنے دل میں درد رکھتا ہے ۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ترکی کے صدر طیب اردوگان نے کہا تھا کہ ترکی فلسطینی سرزمین کو کسی اور کو پیش کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ القدس الشریف، مقدس مقام اور ہمارا پہلا قبلہ، دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کے لئے ایک سرخ لکیر ہے ۔آل انڈیا تنظیم علماء حق اور آل انڈیا مسلم اتحاد فرنٹ ترکی کے صدر کی فلسطین پالیسی سے نہ صرف پوری طرح متفق ہے بلکہ اس کی پوری شدت کے ساتھ حمایت کرتا ہے ۔اسرائیل کو یہ بات ذہن نشیں کرلینا چاہئے کہ اس سے پوری دنیا کے مسلمان ذہنی طور پر وابستہ ہیں اور اس موقف سے ذرا سا بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے سے دنیا بھر میں غم و غصہ پایا گیا ہے اور خاص طور پر ترکی میں اس کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ عالمی برادری عالمی سطح پر طویل عرصے سے انصاف، امن، سلامتی اور نظم و ضبط پیدا کرنے میں ناکام رہا ہے اور فلسطین بھی ان میں سے ایک ہے ۔ (یو این آئی )