فیاض بخاری
بارہمولہ//رفیع آباد کے خوبصورت اور قدرتی حسن سے مالا مال علاقے “ڈاریہ علاقے” کے مکینوں نے سرکار اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کی سیاحتی ترقی کی جانب فوری توجہ دی جائے تاکہ یہ دلکش مقام وادی کشمیر کے معروف سیاحتی مقامات میں شامل ہو سکے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈاریہ رفیع آباد اپنی فطری خوبصورتی، سرسبز پہاڑیوں اور پْرسکون ماحول کی وجہ سے سیاحوں کے لیے ایک بہترین مقام بن سکتا ہے، تاہم بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث یہ علاقہ اب تک ترقی سے محروم ہے۔ عوام نے شکایت کی کہ یہاں عوامی بیت الخلاء، بہتر سڑک رابطہ اور دیگر بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے، سڑکوں کی حالت بہتر کی جائے اور سیاحتی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ دریہ رفیع آباد کو باقاعدہ طور پر سیاحتی نقشے پر جگہ مل سکے اور یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو۔علاقے کے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مقصد سے مقامی نوجوانوں نے ایک والی بال ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا۔ مقامی لوگوں نے کابینہ وزیر جاوید احمد ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علاقے میں سڑک منصوبوں پر کام شروع کروا کر عوام کی ایک دیرینہ مانگ پوری کی ہے۔ لوگوں نے امید ظاہر کی کہ باقی ترقیاتی منصوبے بھی جلد مکمل کیے جائیں گے تاکہ دریہ رفیع آباد ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن ہو سکے۔