نامل ناڈو//مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف در پردہ جنگ جاری رکھنا اور شدت پسندی کو فروغ دینا پڑوسی ملک کی پالیسی کا مرکزی حصہ ہے۔ تمل ناڈو میں ڈیفنس سروسز سٹاف کالج میں خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہند پاک کے مابین جنگ بندی پر کامیاب عملدر آمد ’’صرف ہماری طاقت کی وجہ سے‘‘ ممکن ہوا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیںکیا جا سکتا اور بھارت نہ صرف ’’دہشت گردی ‘‘کا خاتمہ کرے گا بلکہ انکی سرزمین پر انسداد دہشت گردی آپریشن کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گا۔ راجنا تھ سنگھ نے کہا کہ ہند پاک کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عملدر آمد آجـ صرف ہماری طاقت کی وجہ سے کامیاب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2016میں سرحد پار سرجیکل اسٹرئیکس او ر بالاکوٹ حملوں کے بعد زمینی و فضائی طاقت کو مزید تقویت ملی۔راجنا تھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہتھیار ، فنڈز اور عسکریت پسندوں کو تربیت دے کر بھارت کو نشانہ بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی سرحد پر چیلنجوں کے باوجود عام آدمی کو یقین ہے کہ ہندوستان کی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ــ’’یہ یقین آہستہ آہستہ مضبوط ہوتا گیا کہ بھارت نہ صرف اپنی سرزمین پر شدت پسندی ختم کرے گا ، ضرورت پڑنے پر ان کی سرزمین پر حملہ کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گا‘‘۔مشرقی لداخ میں چین کے حملوں کے بارے سنگھ نے کہا کہ وہاں بھی ، ہندوستان اپنے مخالف کا سامنا ایک نئی حرکیات کے ساتھ کرنے میں کامیاب رہا۔افغانستان میں طالبان قبضے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے بارے میں اپنی حکمت عملی تبدیل کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی حکمت عملی تبدیل کر رہے ہیں اور کیو اے ڈی کی تشکیل اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔