عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ میں پولیس نے امیگریشن اینڈ فارنز ایکٹ 2025 کی خلاف ورزی کرنے پر ہوٹل کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس نے پہلگام رافٹنگ پوئنٹ کے نزدیک ایک ہوٹل کے خلاف 2 غیر ملکی شہریوں کے قیام کی اطلاع دینے میں مبینہ طور ناکامی پر کیس درج کیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاوسوں کے معمول کے معائنہ کے دوران ہوٹل گولڈن ہیریٹیج جو کہ رافٹنگ پوائنٹ ینر میں واقع ہے نے امیگریشن اینڈ فارنز ایکٹ 2025 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دئے بغیر تھائی لینڈکے 2 شہریوں کو ہوٹل میں ٹھہرایا تھا۔پولیس کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے “جان بوجھ کر غیر ملکی سیلانیوں کے قیام کو چھپایا” اور لازمی آن لائن فارم C جمع کرنے میں بھی ناکام رہا ہے .جو کہ غیر ملکی شہریوں کی رجسٹریشن کے لیے فائل کرنا ضروری ہے۔ فارم C فائل کرنا ایک قانونی ضرورت ہے جس کا مقصد سیکیورٹی کی نگرانی کو برقرار رکھنا اور غیر ملکی شہریوں کی مناسب دستاویزات کو یقینی بنانا ہے۔اس کوتاہی کو سیکورٹی کی سنگین تشویش قرار دیتے ہوئے پولیس نے کہا کہ یہ ایکٹ امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ 2025 کی خلاف ورزی کے مترادف ہے اور معاملہ کی نسبت ایف آئی آر نمبر 79/2025 ایکٹ کی دفعہ 8 اور 23 (b) کے تحت پولیس اسٹیشن پہلگام میں ہوٹل انتظامیہ کے خلاف درج کیا گیا ہے اورمزید تفتیش جاری ہے۔