عظمیٰ نیوزڈیسک
دبئی//انڈونیشیا کے کوسٹ گارڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غیر قانونی طور پر تیل کی نقل و حمل کے شبہ میں ایک ایرانی پرچم والے ٹینکر کو قبضہ میں لے لیا ہے۔کوسٹ گارڈ نے کہا کہ ’’ ارمان 114 ‘‘ نام کا یہ بحری جہاز 2 لاکھ 72 ہزار 569 ٹن ہلکا خام تیل لے کر جارہا تھا۔ شبہ ہے کہ یہ بغیر اجازت کسی دوسرے بحری جہاز میں تیل منتقل کر رہا تھا۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن بحری جہازوں کو حفاظت اور شفافیت کے لیے مقام کا پتہ لگانے والے آلات استعمال کرنے کا پابند کر رہی ہے۔ ہیکنگ یا اسی طرح کے خطرات کی صورت میں جہاز کا عملہ ان آلات کو بند کر سکتا ہے۔ تاہم بحری جہاز اکثر غیر قانونی سرگرمیوں کی صورت میں اپنا مقام چھپانے کے لیے آلات کو بند کر دیتے ہیں۔واضح رہے یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انڈونیشیا نے کسی ایرانی آئل ٹینکر کو قبضہ میں لیا ہو۔