یواین آئی
نئی دہلی// دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کو کہا کہ غیر قانونی دراندازوںکے ملک میں آنے کا ڈر ہے، لیکن مرکزی حکومت شہریت سے متعلق ترمیمی قانون (سی اے اے) کو نافذ کرکے ہندوستان میں ان کے داخلے کو قانونی بنا رہی ہے۔ کیجریوال نے آج کہا کہ بدھ کو انہوں نے ایک پریس کانفرنس کی تاکہ یہ بتایا جاسکے کہ سی اے اے ملک کے لئے کس طرح انتہائی خطرناک ہے اس لئے اسے واپس لیا جانا چاہئے۔ اس پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنا بیان جاری کیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے اپنے پورے بیان میں سی اے اے پر اٹھائے گئے سوالات کے بارے میں کسی سوال کا جواب نہیں دیا ہے۔ شاہ نے انہیں بے ایمان اور کرپٹ کہنے کے علاوہ کچھ نہیں کہا۔ کیجریوال نے کہا کہ آج مرکزی حکومت اور ملک کی تمام ریاستی حکومتیں عوام کے بچوں کو روزگار فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔ مرکزی حکومت پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو ہندوستان میں لا کر آباد کرنا چاہتی ہے، انہیں روزگار کہاں سے ملے گا؟