سمت بھارگو
راجوری//سرحدی علاقوں میں معلومات کی موثر ترسیل اور عوامی رابطے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے فوج نے سول انتظامیہ کے اشتراک سے راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب پہلا کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن قائم کر دیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ریڈیو اسٹیشن ہے جو براہِ راست ایل او سی کے نزدیک قائم کیا گیا ہے۔اس اقدام کا بنیادی مقصد سرحد پار سے پھیلائی جانے والی غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کا توڑ کرنا اور مقامی آبادی تک مستند اور درست معلومات پہنچانا ہے۔ کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا گیا ہے جو مقامی مسائل، عوامی خدشات اور سماجی موضوعات کو اجاگر کرے گا۔یہ ریڈیو اسٹیشن سرحدی گائوں ڈھونگی کیری میں قائم کیا گیا ہے جو ایل او سی سے محض ایک کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کی جغرافیائی اہمیت کے باعث اس کی نشریات پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی سنی جا سکتی ہیں، جس سے اس کی افادیت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن کا افتتاح ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے سول سوسائٹی کے نمائندوں، سول انتظامیہ کے افسران، مقامی باشندوں اور سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر مختلف شعبوں کے درمیان باہمی اشتراک اور ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے کہا کہ یہ ریڈیو اسٹیشن سماجی بیداری، عوامی شمولیت اور ترقی کے لئے ایک موثر ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نہ صرف مقامی آوازوں کو تقویت دے گا بلکہ سرحدی علاقوں کے لوگوں اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو بھی مزید مضبوط بنائے گا، ساتھ ہی سرحد پار سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دے گا۔