عظمی مانٹرنگ ڈیسک
بیت المقدس// صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر حملوں اور بم باری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس میں محصور پٹی کا دنیا سے رابطہ منقطع ہوگیا جب کہ اسرائیلی حملوں سے ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں ایک طرف غزہ میں خوراک اور پانی ختم ہو چکا ہے، ایندھن ختم ہونے سے محصور پٹی میں بجلی دستیاب نہیں اور اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کا علاج بھی بند ہوگیا ہے۔
اسی دوران صہیونی وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں غزہ میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سمیت مواصلات کے تمام ذرائع بند ہونے سے دنیا سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔مقامی ٹیلی کمیونی کیشن ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ محصور پٹی میں اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں انٹرنیٹ سمیت مواصلات کے تمام ذرائع منقطع ہیں۔ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہم افسوس کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ غزہ میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام مکمل بند کردیا گیا ہے۔دریں اثنا غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے دوران مزید 271 فلسطینی شہری ہلاک ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 271 فلسطینی ہلاک ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جن میں خواتین و بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔غزہ میں 26 ویں دن بھی فضائی اور زمینی حملوں کے دوران مسلسل بم باری کی جا رہی ہے، جس میں آبادیوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے۔اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے یونیسیف نے اپنی رپورٹ میں حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایک اندازے کے مطابق ہر 10 منٹ میں ایک بچہ جاں بحق ہو رہا ہے۔ادھر اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ پٹی میں جاری لڑائیوں میں اس کے 15 فوجی مارے گئے ہیں۔ فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں منگل سے جاری فوجی کارروائی میں 15 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔العربیہ کے مطابق القسام بریگیڈز نے بدھ کو اعلان کیا کہ انہوں نے اسرائیل کے جنوب مغرب میں ‘‘ایرز’’ کے مغرب میں ایک اسرائیلی فٹ فورس کو حیران کن دھچکا دیا ہے ۔ القسام نے ٹیلی گرام پر وضاحت کی کہ اس نے تین اسرائیلی فوجیوں کو صفر کے فاصلے سے مار ڈالا۔ القسام نے یہ بھی اطلاع دی کہ اس نے غزہ کے شمال مغرب میں ایک اسرائیلی کمانڈ سنٹر پر مارٹر گولوں سے بمباری کی۔ بعد میں اعلان کیا کہ اس نے شہریوں کے خلاف “قتل عام” کے جواب میں تل ابیب پر بمباری کی ہے ۔