غزہ //غزہ پر اسرائیل کی جانب سے کل ہونے والی بمباری میں ایک حاملہ خاتون اپنے اہل خانہ کے ساتھ جاں بحق ہوگئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں پر فضائی کارروائیاں 11ویں روز بھی جاری ہیں۔ غزہ کے شہر ڈیر البلاح میں اسرائیل نے بمباری کرتے ہوئے حاملہ خاتون کو شوہر اور تین سالہ بیٹی کو جاں بحق کردیا۔رپورٹس کے مطابق خاتون اہل خانہ کے ہمراہ دوپہر کا کھانا کھا رہے تھیں کہ اچانک گھر پر بمباری ہوگئی۔ بمباری سے 3 کمروں پر مشتمل گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔اسرائیل نے مزید 30 فضائی حملوں میں غزہ سٹی، خان یونس کی سڑکوں اور گھروں کو نشانہ بنایا۔غزہ میں اسرائیل کی فضائی کارروائیوں میں 65 بچے، 39 خواتین سمیت 230 فلسطینی جاں بحق اور ایک ہزار 700 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔گزشتہ روز اسرائیل نے خان یونس اور رفح میں بمباری کرتے ہوئے فلسطینی صحافی سمیت 6افراد کو جاں بحق کردیا تھا۔ صحافی یوسف ابو حسین کا تعلق ‘‘اقصیٰ وائس ریڈیو’’ سے تھا۔اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی ایجنسی نے کہا کہ غزہ میں لگ بھگ 450 عمارتیں تباہ یا بری طرح متاثر ہوگئی ہیں جن میں 6 ہسپتال اور 9 بنیادی نگہداشت صحت مراکز شامل ہیں۔غزہ سے تقریباً 52 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر نقل مکانی کرچکے ہیں۔ادھر اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ 10 مئی سے اب تک حماس نے اسرائیل پر 3 ہزار 700 راکٹ داغے ہیں جس کے نتیجے میں ایک ہندوستانی اور دو تھائی شہریوں سمیت 12 افراد ہلاک اور 333 زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیل کی بمباری کے بعد غزہ کی 20 لاکھ آبادی عالمی امداد کی منتظر ہے کیونکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ تقریبا 72 ہزار شہری اپنے گھروں سے نکل اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکولوں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔