عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بھارت کے فوڈ انوویشن کے میدان میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر ہِلو مخبز(دی سویٹ بیکری)کے بانی غلام محی الدین صوفی ایک نمایاں شخصیت کے طور پر ابھرے ہیں، جو غذائیت سے بھرپور بیکری مصنوعات کے حوالے سے قومی سطح پر پہچان حاصل کر چکے ہیں اور عالمی سطح پر توسیع کے خواہاں ہیں۔سرینگر کے نوگام علاقے سے تعلق رکھنے والے غلام محی الدین صوفی نے 1993میں جامع چوک میں ایک چھوٹی خاندانی بیکری سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ ہِلو مخبز کشمیر کے معتبر ترین بیکری برانڈز میں شامل ہو گیا، جو صفائی، معیار اور غذائیت پر مبنی جدت کے لیے جانا جاتا ہے۔غلام محی الدین صوفی کو بھارت کا پہلا فورٹیفائیڈ بریڈ بنانے والا بھی کہا جاتا ہے۔
انہوں نے آئرن، فولک ایسڈ اور وٹامن بی12 سے بھرپور بیکری مصنوعات متعارف کروائیں، جو خون کی کمی اور غذائی کمی جیسے مسائل کے حل کے لیے اہم قدم ہے۔ ان کی مصنوعات میں باجرہ (ملیٹس)اور دیگر فنکشنل بیکری آئٹمز بھی شامل ہیں، جو صحت کے تحفظ میں مددگار ہیں۔انہوں نے کہا’’ہمارا مشن ایسی صحت مند بیکری مصنوعات تیار کرنا ہے جو دنیا بھر میں جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوں‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’میں نے برسوں سے دیکھا کہ غیر معیاری خوراک عوامی صحت کو متاثر کر رہی ہے، اسی لیے میں نے محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے کو اپنا مقصد بنا لیا‘‘۔ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں کئی علاقائی اور قومی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔