یو این آئی
ریو ڈی جنیرو/برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں قائم اولمپک پارک کے سائیکلنگ ٹریک (ویلوڈروم) کی چھت پر لگنے والی شدید آگ نے عمارت کو نقصان پہنچایا ہے ، تاہم حکام کے مطابق خوش قسمتی سے سائیکلنگ ٹریک اس سے متاثر نہیں ہوا۔ ا سٹیٹ ملٹری فائر ڈیپارٹمنٹ نے مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجکر سترہ منٹ پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا جس میں 80 فائر فائٹرز اور 20 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ یہ وہی تاریخی مقام ہے جہاں 2016 کے اولمپکس میں برطانیہ نے 6 اور پیرا اولمپکس میں 8 طلائی تمغے جیتے تھے ، اس عمارت میں اولمپک میوزیم بھی قائم ہے جہاں کھیلوں کی تاریخ سے وابستہ نوادرات موجود ہیں۔
ریو ڈی جنیرو کے میئر ایڈورڈو کاویلیئر نے ابتدائی معائنے کے بعد بتایا کہ اولمپک ویلوڈروم کے ٹریک کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا اور وہ مکمل طور پر محفوظ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمارت کو دوبارہ فعال کرنے سے پہلے صفائی اور مرمت کی ضرورت ہوگی۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے لیفٹیننٹ کرنل فیبیو کونٹریراس نے بتایا کہ اہلکاروں نے عمارت کے اندر اور باہر آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ میوزیم میں موجود قیمتی اشیاء کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا۔ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور آگ اولمپک کمپلیکس کے دیگر حصوں تک نہیں پھیلی۔