عید گاہ سرینگر میں گرینیڈ دھماکہ، شہری زخمی | شوپیان کا انتہائی مطلوب اور دیرینہ ملی ٹینٹ گرفتار

ارشاد احمد+شاہد ٹاک
سرینگر+شوپیان// عید گاہ سرینگر میں ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوا۔علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ادھر شوپیان کے سب سے پرانے ملی ٹینٹ کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق عید گاہ سنگم علاقے میں رات سوا 8بجے سی آر پی ایف 61بٹالین کی ایک ناکہ پارٹی پر نا معلوم ملی ٹینٹوں نے گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ گرینیڈ دھماکے کی زد میں آکر ایک شہری کو چوٹیں آئیں جسے فوری طور پر صدر اسپتال منتقل کردیا گیا جس کی حالت مستحکم ہے۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شہری کی شناخت 32سالہ اعجاز احمد دیوا ولد عبدالرشید دیوا ساکن سنگم عید گاہ کے طور پر ہوئی۔پولیس کے مطابق دھماکہ کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشیاں شروع کی گئیں، جو شام دیر گئے تک جاری تھیں۔ادھر پولیس اور سیکورٹی فورسز نے شوپیان میں انتہائی مطلوب ملی ٹینٹ کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔پولیس نے بتایا کہ شوپیان پولیس ، 44آر آر اور سی آر پی ایف نے مشترکہ آپریشن کے دوران سال 2017سے سرگرم مقامی ملی ٹینٹ ناصر احمد شیر گوجری عرف قاسم بھائی ولد علی محمد ساکن ہمہ ہونا، ناگہ بل کو حراست میں لیا۔اْن کے مطابق گرفتار جنگجو سیکورٹی فورسز کو متعدد کیسوں میں انتہائی مطلوب تھا اور اْس کی گرفتاری سے ملی ٹینٹ تنظیم کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔مذکورہ ملی ٹینٹ کو ایک ناکے کے دوران گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔