عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ سمیت آج دنیاکے بیشتر خطوں میں عیدالاضحی کی تقریب روایتی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ عید الفطر کے برعکس اس بار عید الاضحی کے بڑے اجتماعات مقامی عیدگاہوں بھی اور جامع مساجد میں ہورہے ہیں۔سرینگر میں سب سے بڑا اجتماع آثار شریف حضرت بل میں ہوگا جب کہ عید گاہ میں بھی نماز ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جموں، لیہہ اور کرگل کے عیدگاہوں اور جامع مساجد میں بھی لاکھوں لوگ عید کی نماز ادا کرنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ عید کے موقعے پر نمازیوں کو سہولیات بہم رکھنے کے لیے تمام تر انتظامات کیے گئے ہیں اور قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت آسان بنانے کے لیے بھی انتظامیہ مستعد رہی۔آثار شریف حضرتبل اور دوسرے نزدیکی علاقوں سے لاکھوں فرزندان توحید جمع ہوکر ایک ساتھ نماز عید اداکریں گے ۔سری نگرمیں دیگر کئی مقامات پر بھی نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہونگے تاہم عیدگاہ سری نگرمیں نماز عید کے حوالے سے ابھی صورتحال واضح نہیں ہوئی ہے ۔اُدھروادی کے دیگر علاقوںبشمول بڈگام ،گاندربل ،بارہمولہ ،کپوارہ ،بانڈی پورہ ،اننت ناگ،پلوامہ ،شوپیان اور کولگام میں عید گاہوںکو نماز عید الاضحی کے پیش نظر منگل کو تیار کیاجارہاتھا۔نماز عید کیلئے صف بندی سے پہلے علمائے کرام عید الاضحی کے بارے میں روشنی ڈالیں گے اور لوگوں کو سنت ابراہیمی کے بارے میں روشناس کرائیں گے ،جس عمل کی یاد میں عید منائی جاتی ہے ۔وادی کے سبھی تحاصیل اور ضلع صدر مقامات پر عید اجتماعات کے پیش نظر انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر سیکورٹی کے انتظامات کئے ہیں۔ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ لوگوں کی آواجاہی کو آسان بنائی جائے۔عید الا ضحیٰ کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے عام تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔