عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن پر زور دیا کہ وہ امیدواروں کے لیے عمر میں رعایت کو منظوری دینے میں لوک بھون کی “تاخیر” کے نتیجے میں “غیر یقینی صورتحال” کے پیش نظر مشترکہ مسابقتی امتحان(سی سی ای)کو ملتوی کرنے پر غور کرے۔وزیر اعلی کے دفتر نے X پر ایک پوسٹ میں کہا ’’وزیر اعلیٰ نے پبلک سروس کمیشن چیئرمین کو لکھے گئے ایک خط میں جاری ائیر لائن کے مسائل کی وجہ سے پیدا ہونے والی سفری افراتفری پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جو کہ لوک بھون کی جانب سے عمر میں چھوٹ کی منظوری میں تاخیر کے نتیجے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال سے مزید سنگین ہوگئی ہےحالانکہ ماضی میں متعدد بارعمر میں چھوٹ دی گئی ہے‘‘۔ عمرعبداللہ نے پبلک سروس کمیشن چیئرمین پر زور دیا کہ وہ امیدواروں پر “بے مثال دبائو” کانوٹس لیںاور انصاف اور سب کے لیے مساوی مواقع کے مفاد میں امتحان ملتوی کرنے پر غور کریں۔وزیر اعلی کے مشیر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ عمر میں رعایت کا مسئلہ، جو لیفٹیننٹ گورنر کے زیر غور ہے، کو حل کرنے تک امتحان کو موخر کر دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمرعبداللہ حکومت نے اس ہفتے کے شروع میں عمر میں رعایت کی فائل لیفٹیننٹ گورنر کو منظوری کے لیے بھیجی تھی۔وانی نے کہا’’فائل کچھ سوالات کے ساتھ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو واپس کر دی گئی ہے۔ جی اے ڈی نے اس معاملے پر اپنی رائے کے لیے اسے پبلک سروس کمیشن کو بھیج دیا ہے‘‘۔