عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، اپنے مشیر ناصر اسلم وانی، رکنِ اسمبلی تنویر صادق اور دیگر سینئر رہنماؤں کے ہمراہ، ہبلی (کرناٹک) کے لیے روانہ ہوگئے ہیں جہاں جموں و کشمیر اور کرناٹک کے درمیان رانجی ٹرافی کا فائنل میچ کھیلا جا رہا ہے۔کرکٹ کے شوقین عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا’’ہم ہبلی جا رہے ہیں تاکہ رانجی ٹرافی کے فائنل میں کھیلنے والی جموں و کشمیر کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کر سکیں۔ فائنل تک رسائی حاصل کر کے انہوں نے لاکھوں لوگوں کو بے حد فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔ میں کل اسٹیڈیم میں موجود رہ کر بھرپور انداز میں اپنی ٹیم کی حمایت کرنے کا منتظر ہوں۔‘‘انہوں نے کہا کہ ٹیم کی اس شاندار کارکردگی نے پورے خطے کے عوام کے دل جیت لئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ کھلاڑی اسی جذبے کے ساتھ میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔