اسلام آباد // پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان جمعہ کو سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے لئے روانہ ہوئے ۔ اس دوران پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے ۔ یہ یقین دہانی انہوں نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران کرائی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔بیان کے مطابق دورانِ ملاقات افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت، دو طرفہ دفاع، سیکیورٹی، علاقائی امن اور رابطوں کے لیے تعاون کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے ۔