یواین آئی
مونتری/عراق نے انٹر کنفیڈریشن پلے آف میں بولیویا کو 1-2 سے شکست دے کر 40 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔مونتری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں اے حسین نے دوسرے ہاف میں فیصلہ کن گول کر کے عراق کو کامیابی دلائی، جس کے بعد وہ کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں 11 جون سے 19 جولائی تک ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی 48ویں اور آخری ٹیم بن گئی۔
فیفا ورلڈ کپ کے گروپ آئی میں عراق کا مقابلہ فرانس، ناروے اور سینیگال سے ہوگا جبکہ عراق ایشیا کی جانب سے کوالیفائی کرنے والی نویں ٹیم ہے ۔میچ کے آغاز میں عراق نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور دسویں منٹ میں علی الحمادی نے شاندار ہیڈر کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی۔تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے قبل بولیویا کے موئیسز پانیگوا نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔دوسرے ہاف کے 53ویں منٹ میں عراق نے ایک بار پھر برتری حاصل کی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔بولیویا نے اضافی وقت میں میچ برابر کرنے کے لیے کئی مواقع حاصل کیے ، تاہم عراقی دفاع نے مضبوط کھیل پیش کرتے ہوئے برتری قائم رکھی۔واضح رہے کہ عراق اس سے قبل صرف ایک بار 1986 میں میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں شریک ہوا تھا، جہاں اسے اپنے گروپ کے تمام میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔