عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی)اور ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے کے بعد منگل کو سرینگر سے تہار جیل روانہ ہوئے۔پارٹی بیان کے مطابق ہزاروں لوگ انہیںالوداع کرنے کے لیے جمع ہوئے جب وہ دہلی روانہ ہوئے۔
انجینئر رشید کے آبائی گاؤں سے لے کر سری نگر تک پورے راستے پر جذبات چھلک پڑے، جہاں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ قید ایم پی کے ساتھ اظہار یکجہتی اور پیار کا اظہار کرنے کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔ بیان کے مطابق سینکڑوں حامیوں کو مبینہ طور پر پولیس نے مڈل سکول کرگامہ، گنڈ کوہرو اور دیہی ترقیاتی کمپلیکس لنگیٹ کے اندر بند کر دیا تاکہ انہیں الوداعی اجتماعات میں شامل ہونے سے روکا جا سکے۔ اپنی رہائش گاہ سے نکلنے سے قبل انجینئر رشید نے اپنے مرحوم والد خضر محمد شیخ کی قبر پر گئے اور فاتحہ پڑھی۔کچھ ہی دیر بعد، مرد، خواتین، بزرگ اور نوجوان جذباتی مناظر اور حمایت کے نعروں کے درمیان انکے قافلے کے ساتھ آنے لگے۔ راستے کے مناظر جذباتی الوداعی جلوس سے مشابہ تھے جب لوگ ہوائی اڈے تک رکن پارلیمنٹ کے قافلے کا پیچھا کرتے رہے۔