عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خواندگی کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تعلیم انسانی زندگی کی بنیاد ہے۔ یہ وہ روشنی ہے جو جہالت کے اندھیروں کو مٹا کر انسان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ خواندگی نہ صرف انفرادی زندگی میں شعور، بیداری اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے بلکہ یہ ایک صحت مند اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ موجودہ دور میں کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، اسی لئے تعلیم کو سماجی اور معاشی ترقی کی کنجی قرار دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ تعلیم کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ شیخ محمد عبداللہ کی قیادت میں تعلیمی اصلاحات متعارف کرائی گئیں، جن کے نتیجے میں مفت اور لازمی تعلیم کا تصور عام ہوا۔ انہوں نے جموں وکشمیر کی باگ ڈور سنبھالتے ہی پرائمری سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک ادارے قائم کئے گئے تاکہ ہر طبقہ تعلیم حاصل کر سکے۔ نیشنل کانفرنس نے دور دراز دیہات میں اسکول کھولنے، لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے اور تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے اہم اور تاریخی اقدامات کئے۔اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر میں خواندگی کی شرح بڑھانے اور تعلیم کو عام کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس کی بدولت آج ریاست کے بیشتر حصوں میں تعلیمی شعور اجاگر ہوا ہے۔ یہ کہنا بجا ہوگا کہ نیشنل کانفرنس کی کاوشوں نے جموں و کشمیر میں تعلیمی میدان کی بنیادیں مستحکم کیں۔انہوں نے کہا کہ آج بھی نیشنل کانفرنس کی حکومت نے تعلیمی شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور یہی کوشش ہے کہ یہاں کے تعلیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے مصروفِ عمل ہے۔