جموں//ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ہوئی طوفانی بارش سے شہر کے مضافاتی علاقوں میں بھاری تباہی ہوئی ہے جس کے دوران کئی پکے مکانات منہدم ہو گئے، سڑکیں تباہ ہوگئیں جب کہ سینکڑوں چوزے ہلاک ہو گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آدھی رات کے قریب شروع ہونے والی بارش سے ناردنی، ناگبنی، رائے پور ، دومانہ، کوٹ بھلوال اور کنگریل گائوں میں نالوں اور نالیوں میں سطح آب بلند ہو گئی، سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کر رہی تھیں پانی بیشترمکانات میں داخل ہو گیا ۔ناگبنی میں کئی مکانوں کی بنیادیں دھنس گئیں جب کہ چند ایک کی چھتیں منہدم ہو گئیں۔ کوٹ بھلوال جیل کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے ، جموں اکھنور سڑک کا کنگریل کے قریب ایک حصہ بہہ گیا ہے ۔ اس دوران پٹولی براہمناںمیں ایک پولٹری فارم میں سیلابی ریلا گھس گیا اور وہاں رکھے گئے 3500چوزے ہلاک ہو گئے۔ دریں اثنا ڈی سی جموں اور ایس ڈی ایم نارتھ کی نگرانی میں متعدد ٹیمیں نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے علاقہ کے دورہ پر ہیں۔