دھرماڑی//اپنی پارٹی یوتھ ونگ جنرل سیکریٹری طفیل حسین چوہدری نے ضلع ریاسی کے دھرماڑی کے مقام پر صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگہو لانگر کو تفصیلی میمورنڈم پیش کیا۔اس سے قبل بلاک دیوس دھرماڑی میں منعقدہ تقریب پر طفیل نے ضلع ریاسی بالخصوص سب ڈویژن دھرماڑی سے متعلق مختلف محکمہ جات کے معاملات کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ کویڈ19بحران کی وجہ سے نفسیاتی تناؤ بڑھا ہے اور منشیات کا استعمال ہورہاہے۔ انہوں نے گذارش کی منظور شدہ سپورٹس اسٹڈیم دھرماڑی کے ترقیاتی کام میں سرعت لائی جائے تاکہ یہاں پر نوجوان کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے بتایاکہ آن لائن تعلیم سے غریب طبقہ کے بچے محروم ہیں کیونکہ اُن کے پاس سیل فون اور کمپیوٹرز کی سہولت نہیں اور اِس سے اُن کا مستقبل متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے صوبائی کمشنر جموں سے گذارش کی کہ دریا انس پر پن بجلی پروجیکٹ کی تعمیر کا معاملہ اعلیٰ حکام کے ساتھ اُٹھائیں جس کی منظوری پاور ڈولپمنٹ کارپوریشن نے دی ہے۔ انہوں نے ریاسی میں غیر فعال کریشی وگیان کیندرکو متحرک کرنے کے لئے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنے کو کہا تاکہ کسانوں کو ضروری تربیت فراہم کی جائے۔ طفیل نے صوبائی کمشنر جموں کو جومیمورنڈم پیش کیا، اُس میں گذارش کی کہ لانچا، بڈھن اے، بڈھن بی، سلدھار اور چکلاس گاؤں کو سی ڈی پی او گول اور پروگرام افسر رام بن سے غیر منسلک کر کے سی ڈی پی او ارناس اور پروگرام افسر ریاسی کے ساتھ اٹیچ کیاجائے۔ انہوں نے گذارش کی کہ سب ڈویژن دھرماڑی میں پی ایم جی ایس وائی اور تعمیرات عامہ محکمہ جات کی طرف سے حاصل اراضی کا معاوضہ اراضی مالکان کو دیاجائے۔ انہوں نے ایس ڈی ایم مہور اور بی ڈی او تھوڑو کی خالی آسامی پر کرنے اور بی ڈی او دفتر اور تحصیلدار دفتر بھوماگ کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔