کابل //طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان سے ڈالر اور نوادرات باہر لے جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ زمینی اور فضائی راستے سے ڈالر اور قیمتی نوادارت لے جانا منع ہے، جس نے بھی ان کی سمگلنگ کی کوشش کی اس کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی جبکہ ڈالر اور نوادرات ضبط کر لیے جائیں گے۔قبل ازیں منگل کو کابل میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ’افغانستان کے صوبے پنجشیر کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرلیا جائے اور جنگ کی نوبت نہیں آئے گی۔‘انہوں نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں حکومت سازی کا عمل جلد مکمل ہو جائے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک معاہدے کے مطابق اپنا انخلا مکمل کریں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ باصلاحیت افغانوں کا انخلا بند کرے۔‘انہوں نے اپیل کی کہ افغان عوام ملک سے باہرجانے کے بجائے افغانستان میں ہی رہیں اور ملکی ترقی میں ہمارا ساتھ دیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’امریکہ افغان شہریوں کو ملک چھوڑنے پر نہ اکسائے اور باصلاحیت افغانوں کا انخلا بند کرے۔‘