پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ کو جانے والی سڑک پر ٹریفک کا بھاری دبائو رہتاہے جس کی وجہ سے راہ چلنے والے لوگوں کو بھی مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے اور ان کے ساتھ ہسپتال جانے والے مریض بھی پریشانی سے دوچار ہوتے ہیں ۔دور دراز علاقوںسے ہسپتال لائے جانے والے مریض پونچھ تک تو پہنچ جاتے ہیں لیکن انہیںڈاکخانہ تا ضلع ہسپتال پونچھ پہنچنے میں بہت زیادہ وقت لگتاہے ۔ حالانکہ یہ فاصلہ مشکل سے200میٹر پر مشتمل ہوگاتاہم ٹریفک کے دبائو کی وجہ سے کئی بار بہت زیادہ وقت بھی لگ جاتاہے جس کے باعث مریض تکلیف سے دوچار ہوتے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہناہے کہ اس سلسلے میں حکام سے بارہا اپیل کی گئی کہ سڑک سے دبائو کم کیاجائے لیکن ان کی بات نہیں سنی جارہی اور روزانہ ٹریفک جام کا سلسلہ جاری رہتاہے ۔انہوںنے ضلع انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کام ایمانداری سے انجام نہیں دے رہے ۔انہوں نے کہا کہ روز روز ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے خواتین اور بزرگوں کو بھاری سامان سر پر اٹھائے پیدل چلنے میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹریفک جام میں پھنس کر کسی کی جان بھی جاسکتی ہے ۔رابطہ کرنے پر ایڈیشنل معان کمشنرمحکمہ مال چوہدری اشرف چوہان نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ضلع ہسپتال اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک جام کو ختم کرنے کے لئے منصوبہ بند طریقہ کار اپنا یا جارہا ہے اور اس مشکل سے لوگوں کو عنقریب راحت ملے گی۔انہوں نے بتایاکہ ضلع ہسپتال کے لئے ایک لنک سڑک بھی بنائی گئی ہے لیکن اس پر لوگ جانا پسند نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام انتظامیہ کا تعاون کرے تو ٹریفک جام کافی حد تک ختم کئے جا سکتے ہیں۔