سرینگر // سرینگر میں متاثرین کی تعداد میں متواتر طور پر اضافہ کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ سرینگر نے 4میڈیکل زونوں جن میں زون بٹہ مالو، جڈی بل ،ایس آر گنج اور خانیار کے تحت آنے والے8علاقوں میں محدود پابندیاں عائد کردی ہیں۔اس طرح سرینگرضلع میں محدود پابندی والے علاقوں کی تعداد 82ہوگئی ہے۔ضلع انتظامیہ نے جن 8علاقوں میں محدود پابندیاں عائد کردی ہیں ، ان میں میڈیکل زون بٹہ مالو میں آنے والے ملت آباد اور نورانی کالونی پیر باغ شامل ہیں۔ میڈیکل زون صورہ میں Upperصورہ نزدیک پیٹرول پمپ، اور بلال کالونی صورہ نزدیک بلال مسجد شامل ہیں ۔،میڈیکل زون جڈی بل کے تحت آنے والے علاقوں بٹہ کدل نزدیک دارلعلوم بلالیہ کا نام شامل ہیں۔ ایس آر گنج میڈیکل زون کے تحت آنے والے گگر مسجدزینہ کدل جبکہ خانیار میڈیکل زون کے تحت آنے والے بچھوارہ اور بٹہ وارہ علاقوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد نے کہا کہ کورونا معاملات میں اضافہ کی وجہ سے انتظامیہ لوگوں کی قیمتی جانیں بچانے کیلئے کچھ اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ متاثر ہونے والے افراد میں50فیصد سرینگر کے ہوتے ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں متاثرین کی تعداد ایک ہندسہ تک محدود ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں سرگرم 981معاملات میں 476افراد کا تعلق سرینگر شہر سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت سرینگر میں محدود پابندی والے علاقوں کی تعداد 82ہوگئی ہے ، ان میں جمعہ کوشامل کئے گئے 8علاقے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ ایس او پیز پر عمل دارآمد نہیں کریں گے تو یہ تیسری لہر کے آغاز کا سبب بنے گا۔