سانبہ
72 ویں یومِ آزادی کے موقعہ پر جموں صوبے کے مختلف اضلاع میں تقریبات منعقد ہوئیں جن میں قومی پرچم لہرایا گیا ۔ سانبہ میں ڈپٹی کمشنر سشما چوہان نے قومی پرچم لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں عوام کی بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی خلاصہ پیش کیا ۔ اس موقعہ پر مختلف سکولوں سے آئے ہوئے بچوں نے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کئے جن کی حاضرین نے کافی سراہنا کی ۔
کٹھوعہ
کٹھوعہ میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور جذبے سے منایا گیا جس دوران ترنگا لہرایا گیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی گءتقاریب کے دوران رنگا رنگارنگ ثقافتی و تمدنی پروگرام بھی پیش کئے گئے َ۔ ضلع کٹھوعہ میں یومِ آزادی کی تقریب سپورٹس سٹیڈیم کٹھوعہ میں منعقد ہوئی ڈپٹی کمشنر روہت کھجوریہ نے قومی پرچم لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں حاصل کئے گئے اہداف اور تعمیر و ترقی کو فروغ دینے کیلئے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا ۔ اس موقعہ پر مختلف سکولوں سے آئے ہوئے بچوں نے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کئے جن کی حاضرین نے کافی سراہنا کی ۔ بسوہلی میں بسوہلی اے ڈی سی سنجے گپتا نے ترنگا لہرایا اور سلامی لی ۔ بنی میں ایس ڈی ایم بنی اجیت کمار نے یومِ آزادی کی تقریب پر ترنگا لہرایا اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی خطاب کیا اور اس دوران ہزاروں کی تعداد میں بچے اور دیگر لوگ بھی موجود تھے ۔
اودہمپور
ضلع اودہمپور کے پی جی کالج بوائز میں یوم آزادی کی اہم تقریب منعقد ہوئی جہاں ضلع ترقیاتی کمشنر اودہمپور رویندر کمار نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ کی پریڈ پر سلامی لی۔مارچ پاسٹ کی پریڈ میں جے کے پی، سی آر پی ایف، ہوم گارڈز والینٹریز، این سی سی اور مختلف سکولوں کے طُلاب کے دستوں نے حصہ لیا۔اس موقعہ پر ارکان قانون سازیہ پون کمار گپتا، ڈائریکٹر ایس کے پولیس اکاڈمی اودہمپور سلیمان سلاریہ، ایس ایس پی محمد احمد بٹ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اروند شرما، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرشن لال کے علاوہ پولیس اور نیم فوجی افسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے مجاہدین آزادی اوراُن لیڈروں کو یاد کیا جنہوں نے ملک کی آزادی میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان شہیدوں کو یاد کرتے ہوئے ملک کی خدمت میں اپنا کلیدی رول ادا کریں۔اس موقعہ پر سکولی طُلاب نے ایک پُر وقار رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیا۔بعد میں مہمان خصوصی نے اُن تمام طُلاب میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کیں جنہوں نے تدریسی عمل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
جموں
گورنر کے صلاحکار بی بی ویاس نے آج جموں میں 72 ویں یومِ آزادی کے موقعہ پر قومی پرچم لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ سلامی لینے کے بعد ویاس نے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں تعمیر و ترقی اور حکومت سازی کو فروغ دینے کے منصوبوں کو اجاگر کیا ۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے صلاحکار نے ریاست میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور ریاست میں ترقیات کے اہداف کو حاصل کرنے کی اہمیت اجاگر کی ۔ کئی اہم شعبوں میں کئے گئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر انتظامیہ نے ریاست میں جمہوری نظام کو زمینی سطح پر مستحکم کرنے کیلئے پنچایتی اور میونسپل انتخابات منعقد کرانے کیلئے ضروری اور اہم اقدامات کئے ہیں کیونکہ ان اداروں کی غیر موجودگی سے عوام کو ترقیاتی عمل اور فیصلہ سازی میں شریک ہونے کا موقعہ نہیں ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال میں دیہی اور شہری بنیادی ڈھانچے میں طے شدہ اہداف کو حاصل کرنے کے عمل کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے ان انتخابات کے احسن انعقاد کیلئے عوام کا تعاون طلب کیا ۔ جدو جہد آزادی کے مشعل برداروں کو خراج پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُن کی قربانیوں کے باعث ملی آزادی کو امن و امان اور رواداری کو برقرار رکھنے سے ہی قایم رکھا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کیلئے امن و امان لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی معیشت بجلی شعبے کی بدولت کافی ترقی کر سکتی ہے اس لئے حکومت نے 371.10 میگاواٹ صلاحیت والے 15 ہائیڈرو پاور پروجیکٹوں پر کام شروع کیا ہے جنہیں مکمل کرنے کے بعد ریاست کو اقتصادی طور خود کفیل بنانے میں کافی مدد ملے گی ۔ انہوں نے بجلی شعبے میں شروع کی گئی مختلف اہم سکیموں کو بھی اجاگر کیا ۔