جموں//لفٹینٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کہا کہ حکومت صنعتی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔مشیر اُن سے ملاقی ہوئے صنعتکاروں کے ایک گروپ سے تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ جنہوں نے جموں کشمیر ریلیف فنڈ سٹیٹ ڈیساسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور پی ایم کئیرس فنڈ کیلئے 32 لاکھ روپے کا عطیہ پیش کیا ۔ مشیر نے عطیہ پیش کرنے والوں کو سراہتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بحرانی صورتحال کے دوران دیگر صاحب ثروت لوگ بھی فراخدلی سے کووڈ 19 کے خلاف جنگ کیلئے امداد فراہم کریں گے ۔ مشیر کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے دوران ان نمائندوں نے ایس او پیز میں ترمیم کا مسئلہ بھی اٹھایا جس کے تحت صنعتی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے30 فیصد ملازمین کی جگہ 60 فیصد ملازموں کو کام پر آنے کی اجازت کا معاملہ بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع انتظامیہ سے ملازموں کیلئے نقل و حمل کے پاسوں کی اجرائی میں درپیش مسائل کا بھی مسئلہ اٹھایا گیا ۔ مشیر نے نمائندوں کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل پر غور و خوض کر کے انہیں جلد حل کیا جائے گا ۔