راجوری//راجوری کے لوگوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور حق اطلاع قانون کی عمل آوری پر زور دیاہے ۔ انہوں نے عوام کو درپیش دیگر مسائل حل کرنے کی بھی مانگ کی ہے۔ پریس کلب راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ نثار مرزا ودیگر ان نے کہاکہ زمین کی حصولی کے قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت اسی فیصد معاوضہ پہلے ہی ادا کرناہوتاہے لیکن خطہ پیر پنچال میں ایسا ہرگز نہیں اور متاثرین کو سرکاری دفاتر کے چکر کٹوائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حق اطلاع قانون اور پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کی بھی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جس پر گورنر کو سختی سے کارروائی کرنی چاہئے ۔ان کاکہناتھاکہ محکمہ جات کو ہدایت دی جائے کہ ان قوانین کی پابندی سے پاسداری کی جائے ۔انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو پینے کیلئے صاف پانی فراہم نہیں کیاجارہاجس سے بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کو فوری طورپر حل کیاجائے ۔