جموں //ڈوگرہ کالج میں ’صارفین کے حقوق کے عالمی دن ‘کے موقعہ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام میں ڈوگرہ ایجوکیشن ٹرسٹ کے چیئر مین گلچین سنگھ چاڑک بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ ڈوگرہ لاءکالج ،ڈوگرہ کالج آف ایجوکیشن اور ڈوگرہ ڈگری کالج کے طلباءو سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔تقریب کے دوران تینوں کالجوں کے متعدد طلباءنے عنوان کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مقررین نے صارفین کے حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو درپیش مسائل اور مانگوں کو بھی اجاگر کیا ۔اپنے خطاب میں ڈوگرہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئر مین نے کہاکہ اس وقت صارفین کو تحفظ فراہم کرنا اشد ضروری ہے تاکہ وہ جدید دور کے اعتبار سے پیدا ہونے والی مشکلات سے بچ سکیں ۔موصوف نے ملک میں صارفین کو قانونی اعتبار سے حاصل تحفظ پر بھی روشنی ڈالی۔