سرینگر // پیر کی شام بندوق برداروں کے حملے میں مارے گئے سیلز مین کی ہلاکت کے بعد سرینگر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سرینگر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی بند وبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز نے ناکوں پر لوگوں اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا ہے۔واضح رہے کہ بٹہ مالو علاقے میں اتوار کی شام ایک پولیس اہلکار کو گولیاں برسا کر ابدی نیند سلا دیا گیا جبکہ پیر کی شام سرینگر کے بہوری کدل علاقے میں مشتبہ جنگجوؤں نے ایک سیلز مین کو گولیوں کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔ منگل کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی بند وبست کو مزید سخت کر دیا گیا جس دوران راہ گیروں اورمسافروں سے جامہ تلاشی اور گاڑیوں کی بھی چیکنگ کی جا رہی تھی۔اہم مقامات پر ناکے لگا ئے گئے اور موٹر سائیکلوں، آٹو رکشا وغیرہ کی تلاشی کی جاتی رہی۔
سیکورٹی فورسز کی 55اضافی کمپنیوں کی تعیناتی
۔50پہنچ گئیں، 5کمپنیاں اگلے ہفتے پہنچ جائینگی
نیوز ڈیسک
نئی دہلی // کشمیر میں شہریوں کی ٹارکٹ کلنگ کے بیچ 5,500 اضافی سی آر پی ایف اہلکاروں کو وادی بھیجا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے گزشتہ ماہ ہدایت دی تھی کہ وادی کشمیر میں عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے پیش نظر مرکزی فورسز کی تقریباً 55 نئی کمپنیاں تعینات کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ آخری پانچ کمپنیاں اگلے ہفتے تک پہنچ جائیں گی۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان میں سے 25 کمپنیاں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) سے ہیں، باقی کا تعلق بارڈر سیکورٹی فورس (BSF) سے ہے۔ ایک CAPF کمپنی میں تقریباً 100 اہلکار ہوتے ہیں۔سی آر پی ایف جموں و کشمیر میں امن و امان اور انسداد دہشت گردی کے فرائض کیلئے وسیع پیمانے پر تعینات ہے جس میں تقریباً 60 بٹالین ہیں، جن میں سے ہر ایک میں تقریباً 1,000 اہلکار شامل ہیں، جو کشمیر میں مقیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف فوج کی آپریشنل کمانڈ ہندوستان وپاکستان لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی حفاظت کرتی ہے اور اس کے کچھ یونٹ شہروں میں بھی امن و امان کے فرائض انجام دینے کیلئے تعینات ہیں۔جموں و کشمیر میں یکم اکتوبر سے ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں سے پانچ بہار کے مزدور تھے، جب کہ دو اساتذہ سمیت تین کا تعلق کشمیر کی اقلیتی برادریوں سے تھا۔عہدیداروں نے بتایا کہ سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران اس سال مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کل 112 جنگجوئوں کو ہلاک اور 135 کو گرفتار کیا ہے۔