عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // پٹن علاقے میں شہری اپنے مکان سے گر نے کے بعد موت کی آغوش میں چلا گیا ۔35سالہ جاوید احمد میر ولد غلام مصطفی میر ساکن گوم احمد پورہ پٹن اپنے رہائشی مکان کی اونچائی سے گر گیا جس کے بعد وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔شہری کو شدید زخمی حالات میں جے وی سی اسپتال بمنہ سرینگر منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔اسی دوران بارہمولہ ضلع کے بونیار میں سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا ایک نوجوان لڑکا 11 دن کے علاج کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ حادثہ 31 مارچ کو بیلہ بونیار میں اس وقت پیش آیا جب فیضان احمد میر ولد محمد افضل ای رکشہ سے گر گیا۔اسے ابتدائی طور پر پرائمری ہیلتھ سنٹر بونیار منتقل کیا گیا اور بعد میں سر میں شدید چوٹ لگنے کے بعد اعلیٰ علاج کیلئے سرینگر کے ایک اسپتال میں ریفر کیا گیاتھا۔
ادھراننت ناگ کے دیلگام علاقے میں ایک سکوٹی زیر نمبر JK03H-0912جمعہ کی شام دیر گئے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس سے سکوٹی پر سوار2مزدور شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں جن کی شناخت ارشد حسین بٹ ولد غلام محمد بٹ عمر 33 سال اور محمد رفیق بٹ ولد عبدالعزیز بٹ عمر 40 سال ساکنہ تکیہ ماگام کوکرناگ کے بطو رہوئی کو علاج کیلئے گورئمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں پہنچتے ہی ارشد حسین بٹ کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔حکام نے بتایا کہ دوسرا زخمی شخص اسپتال میں زیر علاج ہے۔ بڈگام کے شیخ پورہ سرسید آباد کے باغات میں ایک شہری پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ صبح کے اوقات میں ایک شہری جس کی شناخت فیاض احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکنہ ہمہامہ کے طور پر ہوئی ہے، موقع پر مردہ پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔دریں اثنا، پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے موت کی وجہ جاننے کے لیے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔