شاہد ٹاک
شوپیان // پیر کی شام ضلع شوپیان میں شدید ژالہ باری نے کسانوں اور باغبانوں کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ موسلادھار بارشوں اور طوفانی ژالہ باری کے باعث متعدد علاقوں میں کھڑی فصلوں اور باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ۔سعد پورہ، شمشی پورہ، پائن، چک سعد پورہ ، فیری پورہ، کانجی اولر،موتھہ جن اور دیگرعلاقوں میں شدید ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ژالہ باری کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا اور اس مختصر وقت میں سیب کے باغات، سبزیوں کی فصلیں اور دیگر زرعی پیداوار کو شدید نقصان پہنچا۔کاشتکاروں اور باغبانوں نے بتایا کہ اس غیر متوقع ژالہ باری نے باغات کو تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی موسمی بے اعتدالی اور غیر یقینی صورتحال نے زرعی شعبے کو متاثر کر رکھا ہے، ایسے میں اس طرح کی قدرتی آفات نے ان کے معاشی حالات کو مزید ابتر بنا دیا ہے۔متاثرہ کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر نقصان کا تخمینہ لگایا جائے۔ ادھرمنزگام سمیت کولگام کے کئی حصوں میں بھی ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔