شاہد ٹاک
شوپیان // اگلر شوپیان فروٹ منڈی میں بدھ کی دیر شام گئے ایک کولڈ سٹوریج کی تنصیب کے دوران سٹیمر پھٹنے سے دو افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔مرنے والوں کی شناخت سروپ سنگھل اور دلیپ کمار کے طور پر ہوئی ہے، دونوں اتر پردیش کے علی گڑھ کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی، راج کمارجو علی گڑھ سے ہے، کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور وہ سرینگر ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
ذرائع کے مطابق سٹیمر کمپنی کا منیجر اپنے دو انجینئروں کے ہمراہ زم زم کولڈ سٹوریج میں نصب سٹیمر (Steamer) کی مرمت اور تنصیب کے کام میں مصروف تھے کہ اسی دوران زور دار دھماکہ ہوا، جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ تینوں بری طرح زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا فروٹ منڈی میں موجودمقامی افراد فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف دوڑ پڑے۔زخمی انجینئروں کو فوری طور پر ضلع ہسپتال شوپیان منتقل کیا گیا، جہاں سوربھ سنگھ نا کچھ ہی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا، جبکہ دوسرا انجینئر دوران علاج چل بسا۔ تیسرے زخمی انجینئر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے سرینگر منتقل کیا گیا ، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔حکام نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تینوں انجینئر اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ کے رہائشی تھے اور پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے کے لیے یہاں آئے ہوئے تھے۔ اس افسوسناک حادثے پر مقامی لوگوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ہے۔ادھر پولیس نے واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ محکمہ جات کی ٹیمیں جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہی ہیں اور دھماکے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لیے تکنیکی پہلوئوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔