گاندربل //شلوت سوناواری اور گزہ ہامہ گاندربل کو ملانے والا پل فنڈس کی عدم فراہمی کے سبب گذشتہ 9 برسوں سے تشنہ تکمیل ہے ۔جس کے سبب درجنوں علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ دریائے جہلم پر جموں و کشمیر پروجیکٹ کنسٹریکشن کارپوریشن نے اس پل کی تعمیر کا کام 2012میں سوناواری اور شیخ زو کے درمیان شروع کیا تھا تاہم اس کا فائدہ ابھی تک مکینوں کو نہیں مل سکتا ہے ۔پل کی عدم دستیابی کے سبب مقامی لوگوں خاص کر سکولی بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں کئی کلو میٹر دور کا سفر کرنا پڑتا ہے ۔مقامی آبادی کے مطابق سابقہ حکومت میں پل کی تعمیر شروع کی گئی تھی جس کا فائدہ شلوت،ڈانگر پورہ،ونگی پورہ،شادی پورہ،شیخ زو،گزہ ہامہ،بٹہ وینہ،واکورہ سمیت دیگر دیہات کو پہنچتالیکن کروڑ روپے اس پل پر خرچ کرنے کے باوجود بھی اس کی تعمیر ادھوری چھوڑی گئی ہے ۔ جے کے پی سی سی کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ فنڈس کی عدم فراہمی کے باعث پل کی تعمیر ادھوری چھوڑ دی گئی ہے ۔