یو این آئی
گوہاٹی/نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی۔20 سیریز میں تلک ورما کی عدم دستیابی کے باعث عارضی طور پر شامل کیے گئے شریاس ایئر بقیہ میچوں کے لیے بھی ہندوستانی ٹیم کے ساتھ رہیں گے ۔ وہ آخری دو میچوں کے لیے وشاکھاپٹنم اور ترووننت پورم جائیں گے ۔ایئر کو ابتدائی طور پر صرف تین میچوں کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، تاہم ان کا ٹیم کے ساتھ سفر اس بات کی علامت ہے کہ تلک ورما موجودہ سیریز میں واپسی نہیں کریں گے۔ تلک حالیہ سرجری کے بعد بنگلورو کے بی سی سی آئی سینٹر آف ایکسی لینس میں ری ہیب سے گزر رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ 7 فروری سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے فٹ ہو جائیں گے ۔ادھر واشنگٹن سندر انجری کے باعث سیریز سے باہر ہیں، جن کی جگہ روی بشنوئی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ بشنوئی نے گوہاٹی میچ میں مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اگر سندر طویل عرصے تک دستیاب نہ ہوئے تو امکان ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے بھی بشنوئی کو ترجیح دی جائے ۔