سرینگر میں درجہ حرارت منفی 2.5اورشوپیان میں منفی 5.0 ڈگری ریکارڈ
سرینگر//محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگر چہ اگلے سات دنوں تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے لیکن 3 دسمبر کی شام سے 4دسمبر کی صبح تک بادل چھائے رہنے اور اونچائی پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم جمعرات کی رات دیر گئے اور جمعہ کی صبح تک بالائی علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔اتوار کی رات زوجیلا پاس کے قریب تازہ برف باری ہوئی تھی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 6-7دسمبر کو موسم عام طور پر خشک رہے گا، تاہم 8 دسمبر کو اونچائی کے علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی برفباری کا ایک اور مختصر سلسلہ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکے بعد 12دسمبر تک موسم خشک لیکن بہت ٹھنڈ رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ2 دسمبر کو کشمیر، جموں اور لداخ کے بڑے حصوں میں رات کے درجہ حرارت میں تیزی سے کمی دیکھنے میں آئی، کئی علاقوں میں سردی کی لہر جاری رہنے کے ساتھ صفر سے نیچے کی صورتحال ریکارڈ کی گئی۔کشمیر ڈویژن میں، سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ قاضی گنڈ میںمنفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ سیاحتی مقامات بھی گہرے جمود میں رہے۔پہلگام میں منفی2.2 اور گلمرگ میں 0.0 کی پیمائش ہوئی۔ وادی میں سب سے سرد مقام شوپیان تھا، جہاں پارہ منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔دیگر اہم سٹیشنوں پر کم سے کم درجہ حرارت کپوارہ منفی 3.1 ، کوکرناگ منفی0.6، بانڈی پورہ منفی3.1، بارہمولہ منفی4.3، پلوامہ منفی3.8، بڈگام منفی3.1، اونتی پورہ منفی3.0، اور اننت ناگ منفی3.7ریکارڈ کیا گیا۔ پانپور میںمنفی4.2 ، جبکہ گاندربل میں منفی1.8 ، اور سونمرگ میں منفی0.7 ریکارڈ کیا گیا۔جموں خطہ میں، کم از کم درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہا لیکن کئی مقامات پر معمول سے کم رہا۔ جموں شہر کا درجہ حرارت 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کٹرہ میں 8.5 ، اور بانہال سب سے سرد تھا، جہاں کم از کم منفی0.5 تک گر گیا۔دیگر سٹیشنوں پر بٹوٹ 4.8 ، بھدرواہ 0.9 ، کٹھوعہ 8.2 ، ادھم پور 3.6 ، رام بن 4.4 ، سانبہ 2.6 ، راجوری 2.2 ، کشتواڑ میں 4.0 ، ریاسی، 6.5 اور ڈوڈہ 4 ریکارڈ کیا گیا۔لداخ کے سرد صحرا میں، لیہہ میںمنفی6.6 اور کرگل منفی4.8 ریکارڈ کیا گیا۔