سمت بھارگو
راجوری//جمعہ کے روز ہونے والی شدید برف باری کے باعث راجوری اور پونچھ اضلاع کے کئی علاقوں میں زمینی رابطہ بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ بھاری برف جمع ہونے کے سبب اہم سڑکیں اور شاہراہیں بند ہو گئیں، جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔سرحدی ضلع پونچھ اس وقت پورے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری سے مکمل طور پر کٹ گیا ہے، کیونکہ تمام بڑی زمینی رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔ جموں–راجوری–پونچھ قومی شاہراہ (این ایچ 144-اے)، جو ضلع کو باقی علاقوں سے جوڑنے والی مرکزی شاہراہ ہے، بھمبر گلی سے جڑانوالی گلی تک شدید برف باری کے باعث ٹریفک کے لئے بند پڑی ہے۔
اس شاہراہ کی بندش سے نہ صرف مسافروں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے بلکہ ضروری اشیائے خورد و نوش اور دیگر لازمی سامان کی ترسیل میں بھی رکاوٹیں پیدا ہو گئی ہیں۔راجوری اور پونچھ کو ملانے والا متبادل راستہ سرنکوٹ–ڈی کے جی–تھنہ منڈی بھی برف باری کے باعث مکمل طور پر ناقابلِ آمدورفت ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ مینڈھر–بالاکوٹ–منجاکوٹ سڑک، جو پونچھ کو راجوری سے جوڑنے والی ایک اور اہم سڑک ہے، وہ بھی بند پڑی ہے۔ ان تمام راستوں کی بندش کے نتیجے میں پونچھ ضلع مکمل طور پر الگ تھلگ ہو گیا ہے۔اسی دوران پونچھ کو شوپیاں سے ملانے والی تاریخی مغل روڈ بھی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چندی مارہ کے آگے کئی فٹ تک برف جمع ہو چکی ہے، جس کے باعث اس راستے پر گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے۔ مغل روڈ کی بندش سے نہ صرف مسافروں بلکہ تجارتی سرگرمیوں پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے بھمبر گلی سے جڑان والی گلی تک قومی شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے اور موسم کی بہتری کی صورت میں ہفتہ کی صبح تک شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم، خراب موسم بحالی کے کام میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔راجوری ضلع میں بھی بالائی اور پہاڑی علاقوں میں زمینی رابطہ متاثر ہوا ہے۔ راجوری قصبہ کو کوٹرنکہ اور بدھل سے جوڑنے والی سڑک، جو آگے چل کر ریاسی ضلع کے مہور علاقے سے ملتی ہے، شدید برف جمع ہونے کے باعث بند ہو گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں کوٹرنکہ اور بدھل کے علاقے اس وقت ضلع ہیڈکوارٹر سے کٹ گئے ہیں، جس سے مقامی لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کے لیے افرادی قوت اور مشینری تعینات کر دی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، تاکہ سڑکوں کی صفائی اور آمدورفت کی بحالی کا کام بروقت مکمل کیا جا سکے۔