یواین آئی
ایمسٹرڈیم// نیدرلینڈ میں گرج چمک کے ساتھ طوفان اور شدید بارش کے سبب ایمسٹرڈیم ہوائی اڈے شیفول سے کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ یہ اطلاع ایئرپورٹ افسران نے دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوب مغرب سے آنے والی آندھی اور بارش شمال مشرق کی جانب بڑھ رہی ہے ۔
مقامی وقت کے مطابق ایمسٹرڈیم کے علاقے میں طوفان کے پہنچنے کی وجہ سے منگل کی شام 7 بجے تک شیفول سے پرواز کرنے والی کل 37 اور ہوائی اڈے پر اترنے والی 38 پروازوں کو منسوخ کر دیا ہے ۔میڈیا نے یورپی فضائی ٹریفک سروس یوروکنٹرول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایمسٹرڈیم سے کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ہوائی اڈے کی ویب سائٹ سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کئی پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی۔ میڈیا نے شیفول کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سفری معلومات کے لیے شیفول کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔