عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// رفیع آباد بارہمولہ میں حمام مرکوٹ علاقے کے بالائی جنگلاتی پٹی میں رات کی گشت کے دوران ایک آرمی جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او)حادثاتی طور پر پھسلنے سے ہلاک ہو گیا۔ حکام نے پیر کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے افسر کی شناخت 32 راشٹریہ رائفلز کے ہیرا بہادر پانڈے کے بطور ہوئی ہے۔ عہدیداروں نے اس کی شناخت نائب صوبیدار کے طور پر کی جو P/Unit 3/9 GR سے وابستہ ہے۔ یہ واقعہ حمام مرکوٹ کے گھنے بالائی جنگلاتی علاقے میں رات کی گشتی کارروائی کے دوران اس وقت پیش آیا جب مبینہ طور پر فوجی اہلکار اس علاقے سے گزرتے ہوئے توازن کھو بیٹھا اور پھسل گیا۔حکام نے بتایا کہ اسے گر کر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔بعد ازاں لاش کو علاقے سے منتقل کر دیا گیا، جبکہ آرمی حکام نے واقعے کے بعد ضروری کارروائی شروع کر دی۔عہدیداروں نے واقعہ کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔