یو این آئی
جموں//جموں پولیس نے سرینگر شاہراہ پر ٹرک سے 22 لاکھ روپیہ مالیت کا سامان چْرانے والے تین افراد کو حراست میں لے لیا ۔پولیس نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن نروال میں دیپک کمار نامی شخص نے شکایت درج کی کہ اْس نے ٹرک میں 22لاکھ روپیہ مالیت کے یو پی ایس، سولر پینل اور بیٹریز کو سرینگر کی طرف روانہ کیا تاہم راستے میں ہی ٹرک سے سامان کو لوٹ لیا گیا ۔شکایت موصول ہوتے ہی پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ ترجمان کے مطابق ایس ڈی پی او ایسٹ جموں سعید ظہیر عباس کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چوری کی اس واردات میں ملوث تین ملزمان کو حراست میں لیا۔گرفتار شدگان کی شناخت محمد رفیق ساکن سرینگر، بشیر احمد ساکن پلوامہ اور ارشاد احمد بٹ ساکن سرینگر کے بطور کی گئی ۔انہوں نے مزید کہاکہ تحقیقات کے دوران ملزمان نے اپنا جرم قبول کیا اور اْن کی نشاندہی پر مالہ مسروقہ برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔عوامی حلقوں نے جموں پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہاکہ نقب زنوں اور بد معاشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے۔