عظمیٰ نیوز سروس
جموں// پونچھ ضلع کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے مشترکہ آپریشن میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کرنا ، اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی اور سرنکوٹ میں جنگجووں کی ہلاکتوں سے دہشت گردی کے نظام کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔ ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور سابق وزیر صحت ڈاکٹر دیویندر منیال نے سیکورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک اور آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے اسی دن کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں ہندواڑہ کے جنگلات میں دو آئی ای ڈی برآمد کئے جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ڈاکٹر دیویندر منیال نے کہا کہ دہشت گردوں کا خاتمہ اور مختلف علاقوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے کیونکہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مسلسل بڑے کامیاب آپریشن کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں کمانڈروں اور سخت گیر دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے، اس طرح دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ سرحد پار سے سپانسر شدہ سرگرمیاں جن کا مقصد یہاں کے امن کو خراب کرنا ہے۔ڈاکٹر منیال نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردوں پر سخت حملے اور ان کے ٹھکانوں کا قلع قمع کرنا نریندر مودی حکومت کی پالیسی کے تحت دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کا نتیجہ ہے، جو دہشت گردی کی لعنت کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور امن و معمول کو بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی طرف سے شروع کی گئی کارروائیوں نے پڑوسی ملک اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو شکست دینے کی سمت کام کیا ہے اور جموں و کشمیر میں معمولات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے، لوگوں نے بے خوف ہوکر اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ کیونکہ مودی حکومت نے ان میں تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے۔