عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جموں و کشمیر پہاڑی بولنے والے عوام کی ترقی کیلئے قائم ایڈوائزری بورڈ کی سیکریٹری، سپنا کوٹوال نے پیر پنجال خطے کا تین روزہ جامع دورہ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے سندربنی، نوشہرہ، راجوری، سرنکوٹ اور پونچھ کے مختلف علاقوں کا احاطہ کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا، پہاڑی طلبا کے لئے تعلیمی و رہائشی سہولیات کی جانچ اور سماجی رابطوں کو مضبوط بنانا تھا تاکہ ہمہ گیر سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔سیکریٹری سپنا کوٹوال نے راجوری اور پونچھ میں واقع لڑکوں اور لڑکیوں کے پہاڑی ہاسٹلز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے رہائش، صفائی ستھرائی، خوراک کے انتظامات، بنیادی سہولیات اور مجموعی تعلیمی ماحول کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
طلباء اور عملے سے براہِ راست بات چیت کے دوران انہوں نے ان کے مسائل اور تجاویز کو توجہ سے سنا۔ اس موقع پر انہوں نے معیاری تعلیم اور معاون رہائشی ماحول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ بورڈ حقیقی مسائل کے بروقت حل اور ہاسٹل سہولیات کی بہتری کے لئے پْرعزم ہے۔دورے کے دوران سیکریٹری نے سول سوسائٹی، قانونی ماہرین، نوجوانوں کے گروپس اور مختلف کمیونٹی نمائندوں سے بھی وسیع پیمانے پر ملاقاتیں کیں۔ مختلف وفود نے سماجی انصاف، تعلیمی ترقی اور قانونی چیلنجز سے متعلق اپنے خیالات اور مسائل پیش کئے۔ سپنا کوٹوال نے تمام نکات غور سے سنتے ہوئے یقین دلایا کہ ایڈوائزری بورڈ عوامی ضروریات کے تئیں حساس اور جوابدہ ہے۔دورے کو ایک اہم جہت اس وقت ملی جب سپنا کوٹوال نے بطور مہمانِ خصوصی تائیکوانڈو چمپئن شپ میں شرکت کی۔ انہوں نے منتظمین، بالخصوص راجندر سنگھ کی کاوشوں کو سراہا اور کھیلوں کو نوجوانوں میں نظم و ضبط، اعتماد اور مثبت طرزِ فکر پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نتن شرما اور انجینئر شبھم کوٹوال کی خدمات کو بھی سراہا گیا جنہوں نے کمیونٹی آوازوں کو اْجاگر کرنے اور عوام و انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔