اونتی پورہ//اونتی پورہ پولیس نے چوری کی گئی ایک سیمنٹ ٹرک کو ضبط کرکے اس میں ملوث پانچ افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ 24اگست کو پولیس اسٹیشن کھریو کو ارشد احمد میر ولد عبدالاحد میر ساکن کھریو کی جانب سے ایک تحریری درخواست موصل ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ 23اور24اگست کی درمیانی شب کوکچھ نامعلوم چوروں نے اس کی ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK13-3822 جسے اس نے کھریو میں کھیل کے میدان کے قریب کھڑا کیاہوا تھا اور TCI میکس سیمنٹ کے 180 تھیلوں سے بھرا ہوا تھا، چوری کرکے اُڑا لیا۔ اس اطلاع کے موصول ہوتے ہی تھانہ پولیس کھریو نے کیس ایف آئی آر نمبر 61/2021 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی ۔دوران تفتیش ، پولیس اسٹیشن کھریو کی تفتیشی ٹیم نے اپنی سخت کوششوں کے بدولت چوری شدہ ٹرک کو سیمنٹ بیگوں کے بغیر ووئین کے قریب برآمد کیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کچھ مشتبہ افراد کو اٹھایا جنہوں نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا اور جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔تحقیقات کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ سیمنٹ کے تھیلے دوسرے ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK02U-3327 میں لوڈ کیے گئے ہیں جن کو پولیس نے ضبط کیا اور ان ملزمان کی شناخت دانش شفیع شاہ، ظفر احمد بٹ اورریاض احمد بٹ ، سکندر علی اور وسیم اشتیاق کے طور ہوئی۔اونتی پورہ ہ پولیس نے عوام کو یقین دلایاہے کہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔