سیاچن بھارت کی خود مختاری اور عزم کی علامت :راجناتھ سنگھ آرمی چیف کے ہمراہ دفاعی تیاریوں کا جائزہ لیا

یو این آئی

لیہہ// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دنیا کے سب سے اونچے میدان جنگ سیاچن میں تعینات فوجیوں کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی عام سرزمین نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی خودمختاری اور عزم کی علامت ہے اور فوجیوں کی شاندار تاریخ نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ رہے گی۔پیر کو دنیا کے سب سے اونچے میدان جنگ سیاچن کا دورہ کرنے کے بعد سنگھ نے کہا کہ جس طرح دہلی ہندوستان کی قومی راجدھانی ہے، ممبئی مالیاتی راجدھانی ہے اور بنگلور ٹیکنالوجی کی راجدھانی ہے، اسی طرح سیاچن ہمت، حوصلہ اور عزم کی راجدھانی ہے۔وزیر دفاع نے خراب موسمی حالات میں ناقابل رسائی علاقوں میں تعینات فوجیوں سے بھی بات چیت کی اور علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف، شمالی کمان کے لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار اور جنرل آفیسر کمانڈنگ 14 کور لیفٹیننٹ جنرل رشیم بالی بھی تھے۔علاقے کے فضائی سروے کے بعد وزیر دفاع 15100 فٹ کی بلندی پر ایک فارورڈ پوسٹ پر اترے جہاں انہیں سیاچن گلیشیٔر میں آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کمانڈروں کے ساتھ آپریشنل چیلنجز سے متعلق پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے اس بات کے لئے ان کی تعریف کی کہ انہوں نے نامساعد حالات میں بہادری اور عزم کے ساتھ مادر وطن کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم ہمیشہ مسلح افواج کی مقروض رہے گی کیونکہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے ہر شہری اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم پرامن زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہی سرحدوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ آنے والے وقت میں جب قومی سلامتی کی تاریخ لکھی جائے گی تو برفانی سرد گلیشئر میں ہمارے فوجیوں کی بہادری اور قوت ارادی کے کارناموں کو فخر سے یاد رکھا جائے گا۔ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ ایک تحریک رہے گی‘‘۔قوم نے حال ہی میں آپریشن میگھدوت کی کامیابی کی 40ویں سالگرہ منائی۔ وزیر دفاع نے 13 اپریل 1984 کو سیاچن میں ہندوستانی فوج کی جانب سے شروع کیے گئے اس آپریشن کو ملک کی عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب قرار دیا۔ انہوں نے کہا ’’آپریشن میگھ دوت کی کامیابی ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے‘‘۔اس موقع پر وزیر دفاع نے سیاچن وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھا کر مادر وطن کی خدمت میں عظیم قربانیاں دینے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔