عظمیٰ نیوزسروس
اُدھم پور// وزیر تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے تحصیل پنچاری، ضلع اُدھم پور کے دور دراز علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول پنچاری میں منعقدہ شاندار میڈل تقریب کے دوران چھٹی آئی ایس کے او آئی انڈیا کراٹے چیمپئن شپ۔2025کے فاتحین کی حوصلہ افزائی کی۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کامیاب طالبات، ان کے والدین اور مقامی عوام کو مبارکباد دی اور ان کی محنت، نظم و ضبط اور حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی ان بچیوں کی کامیابی قابلِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں سے ثابت ہوتا ہے کہ صلاحیت جغرافیائی حدود کی محتاج نہیں۔ مناسب رہنمائی اور عزم کے ساتھ نوجوان قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیاب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کھیلوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں کو جسمانی و ذہنی صحت اور شخصیت کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی اور حکومت کی جانب سے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیر نے انٹرنیشنل شیٹو-ریو کراٹے آرگنائزیشن آف انڈیا کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ تقریب میں 47 میڈل یافتہ کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور انعامات دیے گئے۔ بعد ازاں بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسکیم کے تحت اسکول بیگز اور چھتریاں بھی تقسیم کی گئیں۔بعد میں وزیر نے ڈی ڈی سی ممبر پنچاری، سابق پی آر آئی اراکین اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی، جنہوں نے صحت، تعلیم، سڑکوں اور دیگر مسائل پیش کیے۔ وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ پنچاری پی ایچ سی میں طبی سہولیات کی بہتری اور عملے کی کمی دور کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا اور سڑکوں کی مرمت کے مسائل فوری حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنچاری کے سیاحتی امکانات کو بھی بھرپور طور پر بروئے کار لائے گی۔
سکینہ ایتو کا پنچاری اُدھم پور دورہ | چھٹی آئی ایس کے او آئی انڈیا کراٹے چیمپئن شپ کے فاتحین کی حوصلہ افزائی