پونچھ//گورنمنٹ مڈل اسکول باولی اور مقامی کنبہ کے درمیان چلے آرہے تنازعہ پر طلباء کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔اسکول انتظامیہ کے مطابق سکول کے ساتھ رہنے والے ایک کنبہ نے اپنے گھر کے بیت الخلا ء کی نالی بنائی ہوئی ہے جس میں سے بیت الخلاء سے نکلنے والا فضلہ بہہ کر جاتا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف اسکول کی اراضی پر ناجائز تجاوز کیا گیا ہے بلکہ اسکول میں بیٹھنے والے بچوں کے لئے بھی بیماریوں کو دعوت دی گئی ہے ۔انتظامیہ کے مطابق نالی سے ہر روز بہنے والی گندگی کی وجہ سے بچوں کوبدبو کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے کچھ بچے بیمار بھی پڑ گئے ۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے 2005سے اب تک کئی بار اپیل کرنے کے باوجودناجائز تجاوزات ختم نہیں ہوئی ۔اس حوالے سے انتظامیہ کئی بار قانونی طور پرنوٹس دے چکی ہے ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد تاج نے بتایا کہ ا س معاملے پر درجہ اول مجسٹریٹ اے سی آر موقعہ پر جائزہ لے چکے ہیں اور انہوں نے پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت بھی دی لیکن ابھی تک پولیس نے کیس درج نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں اور اسی وجہ سے وہ کئی دنوں سے سکول ہی نہیں جاپائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کی اراضی طلباء کی جائیداد ہوتی ہے جس پر ناجائز تجاوزات کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔اسکول کے طلباکاکہناہے کہ وہ دوپہر ملنے والے کھانے کو بھی نہیں کھاسکتے کیونکہ بدبو ہی بدبو ہوتی ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے اس سلسلے میں فوری کارروائی کی مانگ کی ہے ۔