سرینگر //سکمز میڈیکل کالج بمنہ میں پرنسپل کی تعیناتی کے سلسلے میں انتظامیہ نے 9۱ُمیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دی ہے جن میں پروفیسر ریاض احمد اونتو،، پروفیسر شوکت علی مفتی، پروفیسر عبدالوحید خان، پروفیسر سید خورشید احمد ، پروفیسر رفعت آرا، پروفیسر نصیر احمد میر ، پروفیسر عرفان ربانی، پروفیسر فضل القادری اور پروفیسر عبدالقیوم لون کے نام شامل ہیں۔ سکمز کی جانب سے جاری کی گئی نوٹیفیکیشن میں تمام نامزد اُمید واروں کو سلیکشن کمیٹی کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مسلسل تین سال تک پرنسپل کی تعیناتی کرنے میں ناکامی کے بعد سکمز انتظامیہ نے پرانی سیلیکشن کمیٹی کو تحلیل کرکے اسامی کو پھر سے مشتہر کیا تھا ۔ سکمز نے اب پرنسپل کی تلاش کیلئے کمیٹی میں تبدیلی لائی ہے اور اب چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم، ایڈمسٹریٹیو سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ڈائریکٹر سکمز اور پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کو بطور ممبرشامل کیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری سکمز بطور ممبر سیکریٹری ہونگے۔ مشتہر نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اُمیدواروں کو لازمی تعلیمی قابلیت میڈیکل میں پوسٹ گریجویشن اور دیگر اسناد کے علاوہ 10سالہ تجربہ اور 5سال بطور پروفیسر کام کیا ہو۔ پرنسپل کی تقرری کی معیاد صرف 2سال ہوگی۔