عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شہر سرینگر میں دوران شب الگ الگ سڑک حادثات میں 8افراد زخمی ہو گئے جس کے بعد ان کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔پہلا حادثہ رات کے وقت ناربل علاقے میں دومیل کراسنگ پر رونما ہوا جس میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو علاج کیلئے جے وی سی ہسپتال بمنہ منتقل کیا گیا۔زخمیوں کی شناخت مدثر احمد شیخ ولد محمد ایوب شیخ اور مزمل احمد ڈار ولد شبیر احمد ڈار ساکنان زینہ کوٹ سرینگر کے بطور ہوئی ہے ۔ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ 26سالہ مدثر احمد شیخ کے سر میں شدید چوٹ آئی ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ 23 سالہ مزمل احمد ڈار کو سر کے زخم کے ساتھ ساتھ دونوں ٹانگوں پر چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بھی بتائی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور حادثے میں، پیٹرول پمپ کے قریب آستان شریف کرمانی آباد کے قریب آلٹو گاڑی کے ڈرائیور کے مبینہ طور پر کنٹرول کھو جانے کے بعد دو افراد زخمی ہوگئے۔واقعہ کے فوری بعد زخمیوں کو تشویشناک حالت میں جے وی سی ہسپتال بمنہ منتقل کیا گیا۔ دریں اثنا، ایک اور سڑک حادثے میں تھانہ ہارون کی پولیس پارٹی نے تین زخمیوں کو پی ایچ سی درگاہ سے منتقل کرنے کے بعد سکمزپہنچادیا۔پولیس کے مطابق زخمی افراد اسکوٹی پر کہیںجارہے تھے کہ شالیمار کے قریب نامعلوم گاڑی نے ٹکر مارا جس کے نتیجے میں کئی زخمی ہوگئے۔زخمیوں کی شناخت ہاشم راتھر ولد اعجاز احمد راتھر، شبیر احمد ڈار ولد فاروق احمد ڈار اور عمران احمد لون ولد نذیر احمد لون کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں برین نشاط کے رہائشی ہیں۔